کراچی میں رات سے بارش۔۔ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

image

شہر قائد میں مون سون سسٹم کے تحت وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

گزشتہ رات سے ہلکی بارش کے بعد صبح کے وقت طوفانی بارش ہوئی جس کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ٹاور، گرو مندر، صدر موبائل مارکیٹ، شارع فیصل، ائیرپورٹ، کلفٹن، ڈیفنس، لانڈھی، کورنگی، ملیر، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود مون سون سسٹم کے باعث کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ کل معتدل بارش متوقع ہے۔ ادارے نے شہریوں کو گرج چمک کے دوران گھروں میں رہنے اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرج چمک کے دوران درختوں، کھمبوں اور باڑ کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کیا جائے جبکہ موبائل فون صرف ایمرجنسی کال کے لیے استعمال کیا جائے۔

دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے صوبائی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ عملے کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہیں اور برساتی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US