اسلام آباد سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔۔ شدت کیا تھی؟

image

اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں منگل کے روز 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے زلزلہ پیما نیٹ ورک کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات، چترال اور ایبٹ آباد میں محسوس کیے گئے۔ پی ایم ڈی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ زلزلہ صبح 10 بج کر 20 منٹ پر آیا، جس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن اور گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔

فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان تین بڑی ٹیکٹونک پلیٹس بشمول عرابک یوریشین اور بھارت کے سنگم پر واقع ہے جس کے باعث ملک کو پانچ مختلف زلزلہ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک سے زائد فالٹ لائنز کے درمیان ہونے کی وجہ سے جغرافیائی محلِ وقوع زلزلوں کے امکانات کو مستقل رکھتا ہے۔

ہندوکش خطہ دنیا کے فعال ترین زلزلہ خیز علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں بھارتی اور یوریشین پلیٹس کے ٹکراؤ سے اکثر زلزلے آتے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہاں گہرے زلزلے بھی ریکارڈ ہوتے ہیں جو بعض اوقات 200 کلومیٹر سے زائد گہرائی میں آتے ہیں۔ یہ زلزلے زیادہ تر سبڈکشن اور پلیٹس کے ٹوٹنے کے عمل کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں اور اسے وسیع تر ہمالیائی زلزلہ پٹی کا حصہ تصور کیا جاتا ہے جس نے ماضی میں افغانستان، پاکستان اور شمالی بھارت میں تباہ کن زلزلے پیدا کیے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی 5.1 شدت کا زلزلہ اسلام آباد، راولپنڈی اور مضافاتی علاقوں میں آیا تھا، جس سے عمارتیں ہل گئیں اور خوف و ہراس پھیل گیا تھا، تاہم کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US