سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی واقعات سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی تمام دستاویزات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان بھی موجود تھیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ آپ نے گزشتہ روز کچھ دستاویزات جمع کرائیں ہمیں انہیں پڑھنے کا وقت ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تمام فریقین جو بھی دستاویزات دینا چاہتے ہیں عدالت میں جمع کرائیں تاکہ کل سماعت مؤثر انداز میں آگے بڑھائی جاسکے۔
وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے صرف چند عدالتی فیصلوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کرائی ہیں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن بھی ان دستاویزات کا جائزہ لے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔