کچے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن آپریشن ہو گا، وزیر اعلیٰ سندھ

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کچے کے علاقوں میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر کور فائیو لیفٹیننٹ جنرل محمد دستگیر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز، آئی جی پولیس غلام نبی میمن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ کچے کے علاقوں میں ہر صورت امن قائم رکھا جائے گا اور اغوا برائے تاوان یا کسی قسم کی جرائم پیشہ سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتوں کو ختم کرنے کے لیے آج کا اجلاس بلایا گیا ہے،جو ہتھیار ڈالیں گے ان کے ساتھ نرمی برتی جائے گی لیکن باقیوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی جس میں سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ آپریشن کے عمل درآمد کے لیے بھی ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے میں پولیس اور رینجرز مشترکہ طور پر آپریشن تیز کریں گے۔ لاڑکانہ اور سکھر کے علاقوں میں کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے، انٹرنیٹ اور موبائل ٹاورز کی سہولت عارضی طور پر معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کردیا ہے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نمایاں نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا جن میں سڑکوں کا جال بچھانا، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی سہولتیں مل سکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے کے پرامن رہائشی بھی امن چاہتے ہیں اس لیے عوام کے جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US