متاثرین سیلاب کے لیے فوج اور این ڈی ایم اے میدان میں، ریلیف آپریشن جاری

image

ملک بھر مین مون سون بارشوں سے 670 جاں بحق ہو گئے، فوج اور این ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشترکہ میڈیا بریفنگ میں حالیہ مون سون بارشوں سے متعلق صورت حال پر آگاہ کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 670 تک پہنچ گئی ہے۔ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں اور سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر فوج کی تمام امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اب تک 6 ہزار 903 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو کھانا، پناہ اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں فوج کے آٹھ یونٹس متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔ بونیر اور شانگلہ میں دو بٹالین امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ نو میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اب تک 6 ہزار سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آرمی ایوی ایشن بھی ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں حصہ لے رہی ہے جبکہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے انجینئرنگ کور کام کر رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج نے اپنے ایک دن کا راشن متاثرہ عوام کے نام مختص کیا ہے تاکہ سیلاب زدگان کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US