وسیم اکرم بڑی مشکل میں پھنس گئے۔۔ سخت کارروائی کا مطالبہ

image

پاکستان کے مشہور ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کے بعد اب سابق کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی ایک آن لائن ایپ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور میں ایک شہری کی جانب سے وسیم اکرم کے خلاف کھیلوں میں سٹے بازی اور آن لائن جوئے کے پلیٹ فارم کو فروغ دینے پر کارروائی کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وسیم اکرم ایک بھارتی بیٹنگ ایپ کے ساتھ برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے وابستہ ہیں۔ شہری نے اپنی درخواست میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک پوسٹر اور ویڈیو کلپ میں وسیم اکرم کو اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس کی وجہ سے عام صارفین بھی اس ایپ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

مزید برآں، درخواست گزار نے 2016 کے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت وسیم اکرم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اب تک وسیم اکرم کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسی ایپ کی پروموشن میں شامل ہونے پر معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US