کراچی شدید بارش کے پیش نظر ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے اپ ڈائریکشن جانے والی تمام ریل گاڑیوں کو عارضی اسٹاپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کراچی ڈویژن ریلوے کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر آج کے دن کے لیے تمام اپ ٹرینیں ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشن پر دو دو منٹ کے لیے رکیں گی۔
یہ اقدام شہر میں بارش کے باعث ٹریفک کی رکاوٹ اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو بروقت اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق اس سلسلے میں تمام ریلوے اسٹاف کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اسٹیشنز پر اعلانات اور مسافروں کی رہنمائی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔