اسے شرم آنی چاہئیے جو بچوں کو جوا سکھا رہا ہے۔۔ ڈکی بھائی کیا کیا گل کھلاتے رہے؟ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے سنگین الزامات

image

چوہدری سرفراز، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ہماری تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ بیٹنگ ایپس کے ذریعے کروڑوں ڈالر ملک سے باہر جا رہے ہیں۔ ہم ان ایپس کے خلاف سرگرم ہیں اور اب میں نام لیتا ہوں اُس شخص کا جسے شرم آنی چاہیے۔ ڈکی بھائی بچوں کو جوا سکھا رہا ہے۔"

ایڈیشنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ: "ڈکی بھائی جیسے یوٹیوبرز فحش مواد، پارٹی ویڈیوز اور اپنی عیاش زندگی بیچتے ہیں۔ وہ یہ تاثر دیتے ہیں کہ تعلیم کی کوئی ضرورت نہیں، جو کہ انتہائی غلط ہے۔ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی جاری ہے جو یہ ایپس اور یہ طرزِ زندگی فروغ دے رہے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ ایسے لوگوں کو ہیرو نہ بنائیں۔"

ڈکی بھائی، جو اپنے وی لاگز، تنازعات اور تیز و تند بیانات کے باعث شہرت رکھتے ہیں، اس وقت ایک بڑی قانونی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہیں بیرونِ ملک جانے کی کوشش کے دوران ہی گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد سے ان کا کیس خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری تھا اور کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ ایک صارف نے لکھا: "یہاں تک کہ پی ایس ایل جرسیز پر بھی ایسی ایپس کی پروموشن ہو رہی تھی اور سب خاموش تھے۔" جبکہ ایک اور صارف نے کہا: "بہت اچھا، اسے مثال بنا دینا چاہیے۔"

کچھ لوگوں نے تجویز دی کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے تاکہ مزید چہرے بھی بے نقاب ہوں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US