کون سے نوڈلز کھانے سے 13 سالہ لڑکے کی فوری موت ہوگئی؟ ڈاکٹرز کی والدین کو تنبیہہ

image

قاہرہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے والدین اور سماجی حلقوں کو گہری سوچ میں ڈال دیا ہے۔ 13 سالہ لڑکے کی اچانک موت اس وقت ہوئی جب اس نے بیک وقت نوڈلز کے تین پیکٹ کھائے۔ کھانے کے کچھ ہی دیر بعد اس کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی، وہ پیٹ درد، قے اور شدید کمزوری کا شکار ہوا اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔

ڈاکٹرز نے ابتدائی طور پر زہر خورانی کا شبہ ظاہر کیا ہے لیکن حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نوڈلز کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ حقائق کا تعین کیا جا سکے۔

ماہرین صحت کے مطابق ایک ہی وقت میں زیادہ مقدار میں نوڈلز کھانے سے آنتوں میں رکاوٹ، الرجی یا جسم پر نمک اور دیگر اجزاء کے دباؤ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انسٹنٹ نوڈلز اگرچہ آسان اور سستے ہیں لیکن ان میں موجود کاربوہائیڈریٹس اور سوڈیم کا زیادہ استعمال طویل مدتی صحت کے مسائل جیسے موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں کی خرابی کا سبب بن سکتا ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین والدین کو خبردار کر رہے ہیں کہ وہ بچوں کی خوراک پر نظر رکھیں، جبکہ کئی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پروسیسڈ فوڈز کے معیار کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US