گرین بس سروس میں توسیع، بلوچستان میں خواتین کی پہلی پنک بس سروس کا افتتاح

image

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں جدید ٹرانسپورٹ نظام کی توسیع کے سلسلے میں گرین بس سروس کے اضافی روٹس اور بلوچستان کی خواتین کے لیے پہلی ’’پنک بس سروس‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنک بس سروس کا آغاز چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کی عملی تعبیر ہے، جس کا مقصد صوبے کی خواتین کو باوقار، محفوظ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹیز کے بعد پنک بسوں کا اجرا خواتین کی عملی بااختیاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ حکومت بلوچستان شہریوں کو جدید، بہتر اور معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اسی سلسلے میں گرین بس سروس کا دائرہ کار پشین، مستونگ اور تربت تک بڑھایا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کوئٹہ تا سریاب پیپلز ٹرین منصوبے پر بھی بھرپور رفتار سے پیش رفت جاری ہے، جو شہری ٹرانسپورٹ میں ایک بہت بڑا سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بلوچستان میں الیکٹرک بسیں بھی متعارف کرائی جائیں گی تاکہ موسمیاتی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کیا جا سکے۔

خواتین کی ترقی اور شمولیت پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی بااختیاری کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کی بنیاد ہے۔ بلوچستان میں پنک بس سروس، اسکالرشپس پروگرام اور جامع ترقیاتی حکمت عملی خواتین کو مضبوط بنانے کے عملی اقدامات ہیں۔ انہوں نے خواتین ڈپٹی کمشنرز کی مثالی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے بہترین انتظامی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے امن و امان اور شدت پسندی کے حوالے سے بھی واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر خواتین کو خودکش جیکٹس پہنا کر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے لیے صاف پیغام ہے کہ ہم جہالت نہیں، تعلیم اور ترقی کے دروازے کھول رہے ہیں۔ بلوچ عوام کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ ریاست اس بدامنی کی جنگ میں کامیاب ہوگی اور بلوچستان کا مستقبل امن، ترقی اور روشن امکانات سے بھرپور ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US