کیلیفورنیا میں فیشن کی شوقین ماں کی سنگین غفلت کے باعث اس کے ایک سالہ بیٹے کی گاڑی میں دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی۔ واقعہ 29 جون 2025 کو پیش آیا جب ملزمہ مایا ہرنینڈیز نے اپنے دونوں بچوں کو پارکنگ لاٹ میں کھڑی گاڑی میں چھوڑا اور خود بیوٹی پارلر میں لپ فلر انجیکشن لگوانے چلی گئی۔
استغاثہ نے مایا ہرنینڈیز کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل، بچوں پر ظلم اور غیر ارادی قتل کے الزامات عائد کیے ہیں۔ استغاثہ کا مؤقف ہے کہ یہ واقعہ صرف بھول چوک نہیں بلکہ ماں کی جان بوجھ کر کی گئی حرکت ہے کیونکہ اس نے اپنی خوبصورتی کو بچوں کی زندگی پر ترجیح دی۔
پولیس کے مطابق تقریباً دو گھنٹے بعد جب وہ پارلر سے واپس آئی تو دونوں بچے تشویشناک حالت میں تھے۔ ایک سالہ امیلیو گٹیریس کو اسپتال پہنچایا گیا تو اسے مردہ قرار دیا گیا جبکہ دو سال کا دوسرا بچہ 99 ڈگری بخار کے باوجود زندہ رہا۔
بیوٹی پارلر کے ملازمین نے بتایا کہ انہوں نے خاتون کو بچوں کو اندر لانے کی اجازت دی تھی مگر اس کے باوجود اس نے انہیں گاڑی میں چھوڑ دیا۔ ملزمہ کی 2022 ماڈل ہائبرڈ گاڑی کا اے سی بند تھا جس کے باعث بچے کی موت واقع ہوئی۔
دفاعی وکلاء نے موقف اپنایا کہ مایا نے سمجھا تھا کہ میڈیکل پروسیجر صرف 15 منٹ کا ہوگا اسی لیے بچوں کو کوکیز، دودھ اور فون دے کر گاڑی میں چھوڑا۔ تاہم پولیس کے مطابق وہ تقریباً دو گھنٹے بعد واپس آئیں کیونکہ پارلر میں غیر معمولی رش تھا۔ دفاعی وکیل نے کہا کہ مایا نے گاڑی میں اے سی آن چھوڑا تھا۔
کیس کی سماعت کے دوران دفاع نے قتل کے الزام کو چیلنج کیا ہے مگر بچوں پر ظلم اور غیر ارادی قتل کے الزامات قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔