35 ویں نیشنل گیمز کے سلسلے میں آرچری مقابلے ڈاؤ یونیورسٹی کراچی میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں جہاں افتتاحی روز آرمی، واپڈا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی۔
پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ ان مقابلوں میں ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔ افتتاحی روز مختلف کیٹگریز میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے جبکہ چند مقابلے سنسنی خیز مرحلے تک پہنچ گئے۔
اس موقع پر پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر کرنل صدف، سیکریٹری ذوالفقار بٹ، آرمی اسپورٹس بورڈ کے ہیڈ کرنل حمدانی، سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے آرگنائزنگ سیکریٹری اعجاز، بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن کے صدر عطاءاﷲ، خیبر پختونخوا آرچری ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری سارہ خان، ڈپٹی چیف ڈی مشن رحمت گل آفریدی، ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان بھی موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے انتظامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آرچری پاکستان میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور نیشنل گیمز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔
افتتاحی روز مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں آرمی، واپڈا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کھلاڑی بہترین فارم میں نظر آئے اور مختلف راؤنڈز میں نمایاں برتری حاصل کی۔