وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ اور سابق ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 2 ارب 87 کروڑ 13 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کے بعد وزارت صنعت و پیداوار کی درخواست پر رقم کی فراہمی ممکن ہوئی۔
ذرائع کے مطابق یہ فنڈز 20 سالہ قرض کی صورت میں جاری کیے گئے ہیں جسے پاکستان اسٹیل مل سود سمیت قسطوں میں واپس کرے گی۔ اس رقم سے ریٹائرڈ ملازمین اور ملازمت چھوڑنے والوں کے بقایاجات اور دیگر واجبات ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ریٹائرڈ ملازمین شدید مالی مشکلات سے دوچار تھے۔ رقم کے اجراء کے بعد انہیں ادائیگی ممکن ہو سکے گی جس سے ان کی مالی پریشانیوں میں کمی آئے گی۔
دوسری جانب اگرچہ ملازمین کو ادائیگی سے فوری ریلیف ملے گا لیکن پہلے ہی مالی بحران کا شکار پاکستان اسٹیل مل پر سود کے بوجھ کے باعث مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔