امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کو مقناطیس نہ دیےکیے گئے تو بیجنگ پر 200 فیصد تک ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیرف کی طاقت ہے اگر ہم 100 یا 200 فیصد ٹیرف لگا دیں تو چین کے ساتھ کوئی کاروبار نہیں ہوگا اور ایسا کرنے سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقناطیس کے معاملے پر امریکا اور چین دونوں کے پاس طاقت ہے لیکن امریکا کے پاس ایسے آپشنز ہیں جنہیں استعمال کرنے سے چین کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی 90 فیصد میگنیٹ مارکیٹ چین کے پاس ہے جو سیمی کنڈکٹر چپس، جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ فونز کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
اپریل میں چین نے امریکا کے ٹیرف میں اضافے کے ردعمل کے طور پر نایاب معدنیات اور مقناطیس کو اپنی برآمدی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا تھا۔