بھارت کی آبی جارحیت، پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، فوج طلب

image

بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک سے زائد پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ خانکی کے مقام پر بہاؤ 6 لاکھ 57 ہزار کیوسک ہے اور قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ اور خانکی کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے تاہم ساڑھے 10 لاکھ کیوسک تک پہنچنے پر حفاظتی شگاف ڈالنے کی تیاری بھی کر لی گئی ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جو آئندہ 12 گھنٹوں میں 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر 2 لاکھ 26 ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ کے ساتھ خطرناک ریلا گزر رہا ہے جبکہ شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی کے اطراف بھی سیلابی صورتحال ہے۔

سیلابی ریلوں کے باعث سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، گجرات، وزیرآباد، جلالپور بھٹیاں اور حویلی لکھا سمیت درجنوں اضلاع میں دیہات اور فصلیں زیرِ آب آگئی ہیں جبکہ مقامی آبادی کو مساجد سے اعلانات کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب میں فلڈ کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ سمیت 6 اضلاع میں فوج طلب کرلی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد طے ہوگی اور آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کے مطابق نارووال اور نالہ ڈیک کے گردونواح میں سیلابی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور بڑے پیمانے پر آبادی متاثر ہوئی ہے اور اب تک سیکڑوں افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب گجرات کے علاقے کری شریف میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی سڑکوں اور آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے اور شکر گڑھ میں دریائے راوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے کئی دیہات بھی زیر آب آ گئے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں تک دریائے راوی، ستلج اور چناب میں مزید اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں کے اطراف علاقوں کو فوری خالی کردیں تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US