اسلام آباد پولیس کے افسر نے ویزہ لگانے کی آڑ میں اوورسیز پاکستانی سے مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے اینٹھ لیے، رقم واپسی کے مطالبے پر متاثرہ نوجوان کے کزن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا۔ متاثرہ نوجوان نے ویڈیو بیان میں حکام سے انصاف فراہمی کا مطالبہ کردیا۔
ہماری ویب کے نمائندے سید محمد یاسین ہاشمی نے اٹلی میں رہائش پذیر متاثرہ اوورسیز پاکستانی دانش کی ویڈیو حاصل کرلی جس میں متاثرہ نوجوان نے بیان کیا کہ اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر عظیم منہاس میری والدہ کا اٹلی کا ویزہ لگانے کے بہانے 15 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کرچکا ہے۔
متاثرہ نوجوان نے کہا کہ ویزہ نہ لگنے کی صورت میں جب سب انسپکٹر عظیم منہاس سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو اس نے رقم دینے سے صاف انکار کر دیا اور مجھے اور میری فیملی کو دھمکیاں دینے لگا۔
دانش کے مطابق اس کے کزن نے جب عظیم منہاس سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو پولیس افسر نے اس کے خلاف اپنے رشتہ دار کے ذریعے راولپنڈی تھانہ بنی میں مقدمہ درج کروا دیا اور لاہور سے کزن تنویر کو گرفتار کروا دیا۔
متاثرہ نوجوان کے مطابق سب انسپکٹر عظیم منہاس رقم واپس کرنے کے بجائے پیسے لینے کا مدعی بن گیا۔ متاثرہ نوجوان دانش اور ان کی والدہ انیلہ نے آئی جی اسلام آباد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کرتے ہوئے سب انسپکٹر عظیم منہاس سے رقم واپس دلائی جائے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس تقی جواد کے مطابق تاحال متاثرہ شہری کی درخواست پولیس کو موصول نہیں ہوئی۔ درخواست ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس سلسلے میں عظیم منہاس سے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ میری فیملی کے رشتہ دار ہیں اور میں نے ان سے پیسے لینے ہیں، میں نے ان کے پیسے نہیں دینے بلکہ مجھے میری بقایا رقم بھی ان سے دلوائی جائے۔