اسلام آباد پولیس کی مبینہ زیادتیوں سے تنگ آکر ایک غریب محنت کش مزدور ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا تاہم دو گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد علاقہ مجسٹریٹ نے اسے کھمبے سے نیچے اتروا لیا۔
تفصیلات کے مطابق مزدور کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہے مگر پولیس اہلکار بار بار تنگ کرتے ہیں اور پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں نہ دینے پر گرفتار کر لیتے ہیں۔ اس نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکار زبردستی گاڑیاں دھلواتے اور پوری رات ٹانگیں دبواتے ہیں۔ متاثرہ مزدور نے بتایا کہ اس کی بار بار شکایت کے باوجود شنوائی نہ ہوئی اور اس کا شناختی کارڈ تھانہ شہزاد ٹاؤن میں ہے۔
مزدور نے مزید کہا کہ روز روز کی تکلیف سے تنگ آکر اس نے زندگی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم مجسٹریٹ یامین میر نے صبر و تحمل کے ساتھ دو گھنٹے تک بات چیت کی اور یقین دلایا کہ آئندہ پولیس کی جانب سے ہراسانی نہیں ہوگی۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، ایس پی سٹی سلمان ظفر اور ایس پی ڈولفن خالد اعوان اپنی ٹیموں کے ہمراہ موجود تھے۔