مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 14ویں برسی پر صدر مملکت، وزیراعلیٰ سندھ ودیگر کا پیغام

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کی چودہویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بیگم نصرت بھٹو کے حوصلے اور جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہا۔

آصف زرداری نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جمہوریت کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا، بیگم نصرت بھٹو نے مشکل حالات میں ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا، ان کا حوصلہ اور استقامت قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، صدر مملکت نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو ایک عہد ساز اور بہادر شخصیت تھیں، بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمر جنرل ضیاء کے خلاف ایم آر ڈی تحریک کی قیادت کی، مادرِ جمہوریت نے آمریت کے خلاف بہادری سے جدوجہد کی اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کی، نصرت بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، جمہوریت کی بحالی کے لیے بیگم نصرت بھٹو نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، نصرت بھٹو نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، مادر جمہوریت نے خواتین کو سیاست اور عوامی خدمت میں کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیگم بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد میں اپنے شوہر، دونوں بیٹوں اور ایک بیٹی کی قربانی دی، دنیا میں جمہوریت کے لیے عظیم قربانیاں دینے والوں میں بیگم نصرت بھٹو کا نام نمایاں ہے۔ بیگم نصرت بھٹو کا کردار پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے، مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ہمارے دلوں اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، آج کے دن ہم مادرِ جمہوریت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ جمہوریت کی مضبوطی میں بیگم نصرت بھٹو کا کردار خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے، بیگم نصرت بھٹو نے ذاتی دکھوں کے باوجود جمہوریت کی شمع روشن رکھی۔

ضیاء لنجار نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بیگم نصرت بھٹو کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا، بیگم نصرت بھٹو نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ قربانی ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہے۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاویدنے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اندھیرے میں روشنی کی کرن تھیں، نصرت بھٹو نے ڈکٹیٹر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، نصرت بھٹو نے انتہائی مشکل حالات میں جمہوریت کا علم اٹھا کر رکھا۔

انہوں نےکہا کہ بیگم نصرت بھٹو پاکستان کے عورتوں کے لیے مشعل راہ تھیں، انہوں نے ہمیں صبر وتحمل کا سبق دیا، بیگم صاحبہ نے خواتین کو سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع دیا، وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے کسی بھی پارٹی میں لیڈیز ونگ کے قیام کی بنیاد رکھی اور پاکستان پیپلز پارٹی میں آج تک خواتین ونگ موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست اور معاشرے میں خواتین کو مقام دلانے پر بیگم نصرت بھٹو کو سلام پیش کرتی ہوں۔

پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی کا مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد، قربانی اور جمہوریت کے لیے ان کی لازوال خدمات ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو صرف قائد عوام کی رفیق حیات نہیں تھیں بلکہ وہ جمہوری جدوجہد کی ایک بہادر سپہ سالار بھی تھیں، بیگم نصرت بھٹو پاکستانی خواتین کے لیے ہمت و استقلال کی علامت تھیں، جب ملک پر آمریت کے سائے چھائے ہوئے تھے، بیگم بھٹو میدان میں ڈٹ کر کھڑی رہیں۔

سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ تاریخ کے ایک بدترین ظلم و جبر کے دور میں بیگم بھٹو جمہوری کارکنوں کے لیے حوصلے اور استقامت کی مثال بنیں، آج بھی پیپلز پارٹی بیگم بھٹو کے نقشِ قدم پر گامز ن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US