ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد میں ڈینگی ٹیسٹ کے نرخوں کی حد مقرر کر دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسپتال، لیبارٹریز اور کلیکشن سینٹرز ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 1500 روپے سے زائد وصول نہیں کر سکیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق ڈینگی کے لیے NS-1، IgG اور IgM ٹیسٹ 1500 روپے میں ہوں گے اور یہ نرخ 31 دسمبر تک نافذ رہیں گے۔ اس دوران تمام لیبارٹریز کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹنگ کا وقت 24 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔
علاوہ ازیں ہر رپورٹ پر استعمال ہونے والی مشین، کٹس اور بیچ نمبر کی تفصیل درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، رجسٹریشن منسوخی اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ تمام ادارے ہیلتھ کیئر ریگولیشنز 2018 کے تحت جاری نرخ نامے پر عمل کے پابند ہیں۔