آن لائن منگائے گئے کھانے سے کیا عجیب چیز نکل آئی؟ لوگوں کو نیا سبق مل گیا

image

نوئیڈا میں آن لائن فوڈ ڈیلیوری کے ذریعے کھانا منگوانے والے ایک صارف کو اس وقت سخت جھٹکا لگا جب اس کے سینڈوچ میں سے پلاسٹک کا دستانہ نکل آیا۔ یہ واقعہ نہ صرف حیران کن تھا بلکہ کھانے کی حفاظت اور صفائی پر بھی کئی سوالات اٹھا گیا۔

ستیش سراوگی نامی صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصویر شیئر کی، جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ سینڈوچ کی سلائسز کے بیچ ایک ڈسپوزیبل دستانہ موجود ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے آرڈر کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا اور لکھا: "میں نے سینڈوچ منگوایا اور اس کے اندر دستانہ ملا! یہ ناقابلِ برداشت ہے، براہ کرم فوری کارروائی کریں۔"

یہ سینڈوچ دہلی این سی آر کی ایک مشہور فوڈ چین سے آرڈر کیا گیا تھا۔ ستیش نے بروکلی، کارن اینڈ بیسل پیسٹو سینڈوچ اور اسموکڈ کاٹیج چیز اینڈ پیپر سینڈوچ کا آرڈر دیا تھا، مگر کھانے میں اس غیر متوقع چیز نے معاملے کو سنگین بنا دیا۔

شکایت سامنے آتے ہی فوڈ ڈیلیوری ایپ نے فوری معذرت کی اور کہا کہ وہ اس مسئلے کو ریستوران کے ساتھ مل کر حل کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب متعلقہ فوڈ چین نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور اپنی کوالٹی کنٹرول ٹیم کے ذریعے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واقعہ جیسے ہی سامنے آیا، سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے برہمی کا اظہار کیا۔ لوگوں نے کہا کہ یہ نہ صرف غفلت ہے بلکہ صارفین کی صحت کو بھی شدید خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، لہٰذا اس پر سخت ایکشن لیا جانا ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US