راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چراغ دین میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کھیلتے ہوئے گاڑی میں پھنس جانے کے باعث دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے کھیل کے دوران گاڑی میں داخل ہوئے اور دروازے اندر سے بند کر لیے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نا ہو سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا اور اہل خانہ کو علم تک نہ ہو سکا کہ بچے کب گاڑی کے اندر گئے۔
ریسکیو حکام نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو گاڑیوں اور بند کمروں میں کھیلنے سے ہر ممکن طور پر روکا جائے تاکہ ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے۔