مارک زکربرگ کے مفت ہیڈفونز بانٹنے پر پڑوسی الٹا غصے میں کیوں آگئے؟ وجہ جان کر لوگ بھی افسوس کرنے لگے

image

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اور میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اس وقت اپنے ہی محل نما گھر کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پالو آلٹو کے پوش علاقے کریسنٹ پارک میں زکربرگ نے 11 جائیدادیں خرید رکھی ہیں، جہاں کئی برسوں سے بڑے پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہی تعمیراتی شور اور ہلچل اب ان کے پڑوسیوں کے لیے مستقل مسئلہ بن چکا ہے۔ روزانہ شور شرابا، بند راستے، ورکرز کی گاڑیاں اور سخت سیکیورٹی نے علاقے کے سکون کو متاثر کر دیا ہے۔ رہائشیوں نے متعدد بار شکایات درج کرائیں، لیکن صورتِ حال میں بہتری آنے کے بجائے زکربرگ نے ایک مختلف راستہ اختیار کیا۔

شکایات کے جواب میں انہوں نے پڑوسیوں کو نوائز کینسلنگ ہیڈ فونز تحفے کے طور پر بھیجے تاکہ وہ تعمیراتی شور سے بچ سکیں۔ ان ہیڈ فونز کے ساتھ ڈونٹس اور دیگر اشیا بھی بطور تحفہ تقسیم کی گئیں۔ تاہم یہ اقدام متاثرہ رہائشیوں کو مطمئن کرنے کے بجائے مزید ناراضی کا سبب بن گیا۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ یہ تحائف مسئلے کا حل نہیں بلکہ ایک طرح کی توہین محسوس ہوتے ہیں۔

علاقے کے ایک رہائشی نے کہا کہ "ایسا لگتا ہے جیسے ہمارے محلے پر قبضہ کر لیا گیا ہو۔" لوگوں کا شکوہ ہے کہ شہر کی انتظامیہ بھی زکربرگ کے حق میں ہے اور انہیں تعمیراتی منصوبوں کے لیے درجنوں پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔

پڑوسیوں کے مطابق نہ صرف راستے اور سہولتیں متاثر ہوئی ہیں بلکہ تعمیراتی ملبہ گھروں کے اندر تک آ رہا ہے۔ ایسے میں زکربرگ کی جانب سے دیے گئے ہیڈ فونز وقتی سکون تو دے سکتے ہیں لیکن اصل مسئلے کا کوئی پائیدار حل نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US