حالیہ مون سون بارشوں کے بعد وفاقی دارالحکومت اور مضافاتی علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 144 ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق سب سے زیادہ کیسز مری اور بھارہ کہو میں سامنے آئے ہیں۔ مری میں ڈینگی سے متاثرہ 77 اور بھارہ کہو میں 68 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی ہولی فیملی اسپتال میں 51، اکبر نیازی اسپتال بھارہ کہو میں 28، پولی کلینک میں 14، پمز میں 12، راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال میں 11 اور بینظیر بھٹو اسپتال میں 11 مریض زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹر راشدہ بتول نے بتایا کہ متاثرہ مریضوں میں 69 فیصد مرد اور 31 فیصد خواتین شامل ہیں ، اور متاثرہ مریضوں میں زیادہ تر کی عمر 20 سے 39 اور 40 سے 51 سال کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈینگی کے خلاف 300 سے زائد ٹیمیں گھر گھر جا کر ان ڈور اور آؤٹ ڈور سپرے کر رہی ہیں، جبکہ اسپتالوں میں بیڈز، ویکسین اور ادویات کا بھی خصوصی انتظام کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی علامات میں تیز بخار، جسم اور جوڑوں کا درد، بھوک نہ لگنا، آنکھوں کے پیچھے درد، جسم پر دھبے، سانس میں دشواری اور پیٹ میں شدید تکلیف شامل ہیں۔ مریضوں کو زیادہ پانی، جوس اور سوپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔