سونے کی قیمت میں کاروباری ہفتے اور اگست کے پہلے روز زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں سونا ملکی تاریخ کی ایک اور بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 33 ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جس سے فی اونس سونے کی قیمت 3,480 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ کے زیرِ اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا اور سونے کی فی تولہ قیمت 3,300 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے ہوگئی، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت بھی 2,829 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 17 ہزار 815 روپے تک پہنچ گئی۔
چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 101 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 303 روپے ہوگئی۔ واضح رہے کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ ماہ اگست میں سونے کی عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 144 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے زیرِ اثر مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق، امریکہ کے مختلف ممالک کے ساتھ ٹیرف تنازعات اور غیر یقینی صورتحال کے باعث کئی ممالک کے مرکزی بینک اپنے ذخائر میں ڈالر کا حصہ کم کرکے سونے کی مقدار بڑھا رہے ہیں، جس کی وجہ سے سونے کی خریداری بڑھ گئی ہے اور اس کا اثر قیمت بڑھنے کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔