سردار اختر مینگل پر حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

image

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سریاب روڈ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کا نہ کوئی قبیلہ ہے اور نہ ہی کوئی قوم، ان کا واحد مقصد خون خرابہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج ہر جماعت کا حق ہے، لیکن تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے سردار اختر مینگل پر حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، تاہم اپوزیشن لیڈر یونس زہری کے ساتھ سیاسی قیادت کو درپیش خطرات پر بات چیت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد انٹرنیٹ سروس استعمال کرتے ہیں، اسی لیے حفاظتی اقدامات کے تحت کبھی کبھار سروس بند کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے جلسے مغرب تک ختم کرنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زیارت میں قبائلی جھگڑا ختم کرنے کے لیے جرگہ بلایا جا رہا ہے جبکہ دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور اس وقت بلوچستان کو کسی قسم کے سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وزیراعظم پاکستان کے دورۂ چین کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، وہ مایوس ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا ہمیشہ فاتح کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US