کراچی میں فیکٹری پر مسلح افراد کا دھاوا، مشینری اور قیمتی سامان لوٹ لیا

image
کراچی کے علاقے احسن آباد فیز ون میں ایک فیکٹری پر 25 سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بول کر بھاری مالیت کی مشینری اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔

واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔

فیکٹری کے مالک شہروز شبیر نے اردونیوز کو بتایا کہ ملزم رات گئے ان کی گارمینٹس فیکٹری کی حدود میں داخل ہوئے اور سب سے پہلے چوکیدار کو قابو کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور یرغمال بنائے رکھا۔

ان کے مطابق ’ملزم بآسانی فیکٹری کے مختلف حصوں سے مشینری اور دوسرا سامان اکٹھنا کرنے میں کامیاب ہوئے اور کئی گاڑیوں میں ڈال کر فرار ہو گئے۔

انہوں نے سامان کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں 25 صنعتی مشینیں، تین عدد قیمتی لیپ ٹاپس اور دوسرا سامان شامل تھا۔

فیکٹری انتظامیہ ابھی سامان کی درست مالیت کا اندازہ لگا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع سائٹ سپر ہائی وے پولیس سٹیشن کو دی گئی تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ملزموں کی تعداد اور منظم طریقہ واردات کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ کسی پیشہ ور گینگ کا کام ہے اور ایسی وارداتیں مضافاتی صنعتی علاقوں میں پہلے بھی ہو چکی ہیں۔

فیکٹری مالک شہروز شبیر نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

علاقہ مکینوں اور صنعتی یونٹس کے دیگر مالکان نے بھی واقعے کے بعد گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بڑی ڈکیتیوں سے سرمایہ کاروں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے (فوٹو: کراچی پولیس)

 

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ’ملزمان کا تعین کرنے کے لیے کرائم ریکارڈ اور انٹیلی جنس رپورٹس سے مدد لی جا رہی ہے۔‘

کراچی میں اس سے قبل بھی فیکٹریوں اور گوداموں میں بڑی ڈکیتیوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر ان وارداتوں میں اندرونی معلومات رکھنے والے افراد یا فیکٹری کے سابق ملازمین بھی ملوث ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ملزموں کو ہدف کے بارے میں درست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

احسن آباد فیکٹری ڈکیتی نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ شہر کے صنعتی اور مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کیا اقدامات کر رہی ہے۔

مقامی تاجر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے نہ صرف گشت بڑھایا جائے بلکہ صنعتی زونز میں جدید سیکیورٹی نظام بھی متعارف کرایا جائے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US