بلوچستان کے ضلع پشین میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی پشین کے علاقے ہیکلزئی کے قریب پہاڑی علاقے میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور صوبے کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور صوبے کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔