پنجاب میں سیلاب سے زرعی معیشت کو شدید نقصان، 21 لاکھ ایکڑ سے زائد پر کھڑی فصلیں تباہ

image

پنجاب میں حالیہ سیلاب نے زرعی معیشت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ محکمہ زراعت کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 21 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں جس سے کسانوں اور زرعی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق چاول کی 9 لاکھ 71 ہزار ایکڑ، کپاس کی 1 لاکھ 11 ہزار ایکڑ، مکئی کی 1 لاکھ 86 ہزار ایکڑ، گنے کی 2 لاکھ 25 ہزار ایکڑ، چارے کی 4 لاکھ 50 ہزار ایکڑ جبکہ سبزیوں کی 1 لاکھ 15 ہزار ایکڑ سے زائد فصلیں پانی میں بہہ گئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تباہی کے اثرات نہ صرف زرعی پیداوار بلکہ برآمدات اور خوراک کی قیمتوں پر بھی آئندہ کئی ماہ تک مرتب ہوں گے۔

زرعی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ صرف قدرتی آفت نہیں تھی بلکہ حکومتی نااہلی، پیشگی اقدامات کی کمی اور وارننگ سسٹم کی ناکامی نے نقصانات کو کئی گنا بڑھا دیا۔ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو کسان اور مقامی آبادی اس قدر بڑے پیمانے پر نقصان سے بچ سکتی تھی۔

ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سماجی سطح پر بھی غفلت برتی گئی۔ بارہا اعلانات اور انتباہ کے باوجود کئی مقامات پر لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلے جبکہ دریا کے کناروں پر کاشت کاری اور ہاؤسنگ اسکیمیں تعمیر کر کے خود بھی خطرے میں ڈالے گئے اور اجتماعی نقصان کا باعث بنے۔

کسان تنظیموں نے حکومت سے فوری طور پر متاثرہ کسانوں کے لیے ریلیف پیکج، قرضوں میں ریلیف اور بیج و کھاد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ آئندہ کاشت کے موسم میں دوبارہ اپنی زمینوں کو آباد کر سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US