بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک اسکول ٹیچر نے شادی کے تنازع پر اپنی دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ مکیش کماری، جن کی عمر 37 برس تھی، طلاق کے بعد نئی زندگی شروع کرنے کی خواہش رکھتی تھیں اور فیس بک پر مانارام نامی شخص سے تعلقات قائم کیے۔ اسی رشتے کو رسمی شکل دینے کے لیے وہ جھنجھنو سے باڑمیر تک چھ سو کلومیٹر کا سفر طے کر کے پہنچی تھیں، مگر ان کا یہ سفر جان لیوا ثابت ہوا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مکیش اور مانارام کی دوستی گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئی تھی، جو جلد ہی شادی کی باتوں تک جا پہنچی۔ مکیش اکثر اس سے ملنے باڑمیر جایا کرتی تھیں اور بار بار شادی کے لیے زور دیتی رہیں۔ لیکن مانارام کی اپنی طلاق کا مقدمہ ابھی عدالت میں زیر سماعت تھا جس کے باعث دونوں میں اختلافات بڑھتے گئے۔
10 ستمبر کو مکیش جب مانارام کے گاؤں پہنچی اور اس کے اہل خانہ کے سامنے اپنے تعلقات کا ذکر کیا تو معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور دونوں کو سمجھا بجھا کر واپس بھیج دیا، مگر شام ہوتے ہی حالات نے خطرناک رخ اختیار کیا۔
تحقیقات کے مطابق اسی شام مانارام نے مکیش پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گئیں۔ بعد ازاں ملزم نے لاش کو کار میں رکھ کر سڑک کنارے کھڑا کر دیا تاکہ یہ حادثہ دکھائی دے۔ اگلی صبح پولیس کو اطلاع ملی اور فون کی لوکیشنز نے حقیقت بے نقاب کر دی۔ تفتیش کے دوران مانارام نے جرم قبول کر لیا۔
فارنزک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو جائے وقوعہ پر طلب کر کے شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ مکیش کی لاش ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جہاں ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید چھان بین جاری ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔