امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈرا کی تقریب کے موقع پر پیش کیا گیا جس میں امریکی صدر خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور بیٹی ٹیفنی کے ہمراہ شریک تھے۔
ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ فیفا امن انعام حاصل کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے عالمی تنازعات، بشمول پاک-بھارت جنگ بندی اور روانڈہ و کانگو کی جنگوں میں انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں لاکھوں جانیں بچائی گئیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ 2026 کے ورلڈ کپ میں ہم آہنگی کے لیے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور عالمی امن اور بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم مضبوط ہوا ہے۔
فیفا کے مطابق یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امن کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے اور دنیا بھر کے لوگوں کو متحد کیا۔
اسی تقریب میں فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے ڈرا کا اعلان بھی کیا جس کے مطابق میکسیکو گروپ اے میں، کینیڈا گروپ بی میں اور امریکا گروپ ڈی میں شامل ہے۔
ورلڈ کپ 2026 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا جس پر صدر ٹرمپ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے صبری سے اس میگا ایونٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔