پنجاب میں مون سون سیزن ختم، سیلابی پانی اترنے لگا، ڈی جی پی ڈی ایم اے

image

ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون کا سیزن آج سے باضابطہ طور پر ختم ہو گیا ہے اور آئندہ ہفتے مزید بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون سیزن کے اختتام کے بعد صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سے پانی نکلنا شروع ہو گیا ہے اور پانی کی سطح کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مرالہ سے پنجند تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی مقام پر بند توڑنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ سیلابی صورتحال کے دوران تمام اداروں نے کام کیا اور اب تک 28 اضلاع کے 4 ہزار 755 دیہات متاثر ہوئے جن میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے علی پور، ملتان اور جلال پور تھے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 24 لاکھ 82 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ زیر آب آیا جس میں چاول کی فصل 15 فیصد اور گنے کی فصل 22 فیصد متاثر ہوئی۔ محکمہ زراعت نے مویشیوں کو چارہ فراہم کرنے اور لائیو اسٹاک کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کے لیے 425 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے جہاں طبی امداد فراہم کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US