وزیر اعلیٰ بلوچستان اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات، نوجوانوں کی فلاح کے اقدامات پر تبادلہ خیال

image

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی، سماجی اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تربیت اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کا پہلا بیج سعودی عرب بھیجا جا چکا ہے اس کے علاوہ دوسرا بیج جرمنی کے لیے تربیت حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرٹ پر مبنی نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے اور محکمہ تعلیم میں 16 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں، گزشتہ دو سال میں 3200 بند اسکول دوبارہ فعال ہوئے جبکہ صرف دو ماہ میں 485 کمیونٹی اسکول قائم کیے گئے۔

صحت کے شعبے میں اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انڈس اسپتال کے تعاون سے چار دیہی اسپتال جدید سہولیات سے آراستہ کیے گئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آئی ٹی تربیتی پروگرامز کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب تک 12 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور جماعت اسلامی صوبے کی ترقی اور قومی دھارے میں برابری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاق میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US