مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کوئی احسان نہیں بلکہ آئینی حق ہے، اور وہ وزیراعظم سے مطالبہ کریں گے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز فراہم کیے جائیں۔
لاہور میں جی بی اور اے جے کے کے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ بنیادی اصول ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ تمام امیدواروں کو سن کر میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کرتا ہے اور یہی جماعت کا ہمیشہ سے طریقہ کار رہا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کے پرانے اور مخلص ساتھیوں کو میرٹ پر ٹکٹ ملنے چاہییں، جبکہ ہر امیدوار کو سنا جائے گا اور فیصلہ اصولوں کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کے خواہشمند بہت ہوں گے، مگر یہ پہچان ضروری ہے کہ کون پارٹی کے ساتھ مخلص ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر جتنا سرمایہ لگایا جا چکا ہے وہ این ایف سی ایوارڈ کے ممکنہ حصے سے کہیں زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت آنے والے فنڈز کا درست استعمال بھی ضروری ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو ان کا حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں میں سیاسی فضا بہتر ہے اور انہیں امید ہے کہ انتخابات میں اچھے نتائج ملیں گے۔ نواز شریف نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور قبضہ مافیا و تجاوزات کے خاتمے کیلیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں ستھرا پنجاب پروگرام، بہتر امن و امان اور صحت کے منصوبوں نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، جس کے باعث دیگر صوبوں کے مریض بھی پنجاب میں علاج کے لیے آ رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ تنظیمی امور مزید بہتر بنائیں۔