اسکولوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان، کس رنگ میں کیا پھینکیں؟

image

حکومت پنجاب نے صوبے میں جدید ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں رنگ برنگے کوڑے دان رکھنے کا حکم دے دیا۔

ادارہ ماحولیاتی تحفظ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس کے تحت 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں پانچ رنگوں کے کوڑے دان نصب کیے جائیں گے اور یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیلے ڈبے میں کاغذ و ردی، سبز ڈبے میں بوتلیں، کانچ اور لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان، سرمئی ڈبے میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا اور گلی سڑی سبزیاں، لال ڈبے میں دھات جبکہ نارنجی ڈبے میں پلاسٹک ویسٹ ڈالا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی منظوری دی ہے جبکہ سینیئر وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب نگرانی کریں گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر اور وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان ملک کو ٹارگٹس سونپ دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ کچرے کی مقدار کم کرنے، ماحول دوست رویوں کے فروغ اور اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ ای پی اے ٹیمیں اسکولوں کا معائنہ کریں گی اور معیار پر پورا اترنے والے اداروں کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US