اسلام آباد ہائی کورٹ نے یوٹیوبرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملک کے کسی بھی صوبے میں ان کی گرفتاری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف کراچی سمیت متعدد شہروں میں مقدمات درج ہیں اس لیے گرفتاری سے بچنے اور متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے کم از کم 15 روزہ راہداری ضمانت ضروری ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر جزوی فیصلہ دیتے ہوئے 10 روزہ راہداری ضمانت منظور کی اور حکم دیا کہ اس مدت کے دوران رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو کسی بھی مقام سے گرفتار نہ کیا جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو سکیں۔
درخواست گزار کے وکلاء نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کے خلاف مختلف شہروں میں کارروائیاں زیرِ التوا ہیں جس وجہ سے فوری ریلیف ناگزیر تھا۔
یوٹیوبرز کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔