چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم، دفاع اور پارلیمانی تعاون سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہتے ہوئے تعلیم، ثقافت اور ترقیاتی پروگرامز میں آسٹریلیا کے کردار کو اجاگر کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے زور دیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈھائی ارب ڈالر کی موجودہ تجارت میں اضافے کی وسیع گنجائش ہے خاص طور پر زرعی ٹیکنالوجی، معدنی وسائل، قابلِ تجدید توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، آئی ٹی سروسز اور خوراک کی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے ایوانِ صنعت و تجارت اور نجی شعبے کے لیے مشترکہ فورم کے قیام کی تجویز دی اور دفاعی شعبے میں سائبر سیکیورٹی، میری ٹائم آگاہی اور امن مشنز میں مزید تعاون پر زور دیا۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی اور حالیہ سیلابی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے جانی و مالی نقصانات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اور مخیر حضرات متاثرین کی امداد کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سطح پر روابط انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور آسٹریلوی پارلیمنٹ کو نومبر میں ہونے والی آئی ایس سی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر آئی ایس سی کی سفیر و چیئرمین سینیٹ کی ایڈوائزر مصباح کھر نے بھی ہائی کمشنر کو کانفرنس کے موضوعات سے آگاہ کیا۔