بھٹو، اے ایچ کاردار اور معین قریشی: عامر خاکوانی کا کالم

image
یہ 70 کے عشرے کی ایک دوپہر کا قصہ ہے۔ بھٹو صاحب وزارت عظمیٰ سے معزول کیے جا چکے تھے۔ بیوروکریٹ ڈاکٹر ظفر الطاف کے گھر لیجنڈ کرکٹر اے ایچ کاردار اور مشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر اجمل اکٹھے ہوئے۔ ڈاکٹر ظفر الطاف کے مداح اور جونیئر افسر اقبال دیوان بھی بطور افسر مہمانداری موجود تھے۔ اے ایچ کاردار پاکستانی کرکٹ کی دیوقامت شخصیت رہے ہیں، وہ قومی ٹیم کے سابق کپتان تھے، پاکستانی کرکٹ ٹیم انہوں نے بنائی اور پھر انگلینڈ، انڈیا جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر اپنا لوہا منوایا۔ کاردار صرف کرکٹر ہی نہیں تھے، وہ کئی شعبوں میں بہت احترام سے دیکھے جاتے تھے۔ بھٹو صاحب کاردار کے بڑے مداح تھے، انہوں نے کاردار کو صوبائی وزیر تعلیم بنایا۔ ڈاکٹر اجمل ملک چوٹی کے ماہر نفسیات تھے۔ وہ گورنمنٹ کالج میں شعبہ نفسیات کے بانی، بعد میں گورنمنٹ کالج کے پرنسپل، پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہے اور پھر وزیراعظم بھٹو کے دور میں سیکریٹری وزارت تعلیم بھی رہے۔ ڈاکٹر اجمل پاکستانی فوج میں نفسیاتی جنگ کے شعبے کے مشیر بھی رہے۔

لنچ میں کاردار اور ڈاکٹر اجمل دونوں نے ایک دوسرے سے پوچھ لیا کہ ان سے کیا ایسی خطا ہوئی کہ وزیراعظم بھٹو نے آناً فاناً انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا۔ ڈاکٹر اجمل نے بتانے میں پہل کی۔ وہ کہنے لگے کہ بھٹو دور میں افغانستان کے صدر سردار داؤد پاکستان کے بڑے مخالف تھے، ان کے ایما پر پختونستان کا شوشہ بھی چھوڑا گیا۔ اگست 1976 میں سردار داؤد پاکستان کے دورے پر آئے تو بھٹو صاحب نے ہوشیاری دکھائی اور ڈاکٹر اجمل کو سرکاری مجالس میں شامل رکھا تاکہ وہ سردار داؤد کو سن کر ان کی نفسیاتی پروفائلنگ کر سکیں۔ جب افغان صدر رخصت ہوئے تو انہیں ایئرپورٹ پر رخصت کر کے واپسی پر وزیراعظم بھٹو نے ڈاکٹر اجمل کو ساتھ بٹھا لیا اور ان سے سردار داؤد کی شخصیت کے بارے میں سوال پوچھنے لگے۔

بھٹو خود ذہین اور صاحب مطالعہ شخص تھے، انہوں نے پوچھا کہ اگر کوئی شخص دوران گفتگو ایک لفظ بار بار استعمال کرے تو کیا اس لفظ کو اس کی شخصیت کے حوالے سے ’کی ورڈ‘ کہا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر اجمل نے اس نکتہ کی تائید کی۔ بھٹو کہنے لگے کہ داؤد اپنی گفتگو میں بار بار لفظ ڈیسنٹ استعمال کر رہا تھا تو کیا وہ غیرشعوری طور پر اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ وہ بہت نفیس اور اعلٰی شخصیت کا حامل ہے۔ ڈاکٹر اجمل نے اس مشاہدے کی داد دیتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی ہے، ویسے بھی سردار داؤد کا تعلق ایک باوقار روایتی شاہی گھرانے سے ہے۔ (یاد رہے کہ سردار داؤد افغانستان کے شاہ ظاہر کے کزن تھے اور ان کا تختہ الٹ کر صدر بنے تھے۔)

ڈاکٹر اجمل کہتے ہیں، اس جواب کو سن کر دو منٹ تک بھٹو خاموش رہے اور پھر ان کی جانب سے ایک بم شیل آیا، بھٹو نے کہا، ’ڈاکٹر صاحب اللہ کو گواہ بنا کر ایمانداری سے مجھے بتائیں کہ میں کون سا لفظ دوران گفتگو استعمال کرتا ہوں؟

ڈاکٹر اجمل نے یہ واقعہ سنا کر کاردار جو اپنے حلقے میں سکپر (کپتان) کے نام سے پکارے جاتے تھے، انہیں کہا، سکپر، میں نے کچھ زیادہ ہی ایمانداری دکھائی اور کہہ دیا کہ پرائم منسٹر آپ غیرشعوری طور پر لفظ سیڈسٹ  (Sadist)کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔ (واضح رہے کہ سیڈسٹ سے مراد اذیت پسند، وہ جو دوسروں کو تکلیف پہنچا کر شدید لطف لے)۔

ڈاکٹر اجمل کے بقول مجھے لگا کہ بھٹو غصے سے بھڑک اٹھے۔ ان پر کپکپی طاری تھی، عمر اور منصب کا خیال نہ ہوتا تو شاید وہ مجھ پر ٹوٹ پڑتے۔ وزیراعظم ہاؤس کی پورچ میں گاڑی سے بغیر خدا حافظ کیے اتر کر اندر چلے گئے، اگلے روز میری سیکریٹری وزارت تعلیم کے عہدے سے چھٹی ہو گئی۔

اب کاردار کی باری تھی، ان سے پوچھا گیا کہ بھٹو کیوں ناراض ہوئے کیونکہ وہ تو کاردار کے بڑے مداح تھے اور انہیں اپنا ہیرو اور سکپر کہا کرتے تھے، جب وہ بمبئی میں طالب علم تھے تو گھنٹوں اپنے بھائی امداد علی بھٹو کے ساتھ کاردار کو بیٹنگ کرتے دیکھنے آتے۔ کاردار نے ماجرا سنایا کہ جب بھٹو نے اقتدار سنبھالا تو میری خواہش تھی کہ مرکز میں وزارت کھیل اور تعلیم کا قلمدان میرے پاس ہوتا۔ تاہم بھٹو نے پنجاب میں وزیر تعلیم بنا دیا۔ تعلیمی اداروں کو قومیانے کے حوالے سے لاہور میں صوبائی کابینہ کی میٹنگ چل رہی تھی۔ سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر طارق صدیقی نے ایک نکتے پر اختلاف کیا تو وزیراعظم بھٹو نے اسے اپنی مخالفت سمجھا۔ ویسے تو اصولی طور پر وزیراعظم کا صوبائی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کا جواز ہی نہیں بنتا تھا۔ بھٹو صاحب نے سیکریٹری تعلیم کے بارے میں کچھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا تو کاردار نے بھرے اجلاس میں کہہ دیا، جناب وزیراعظم، صوبائی سیکریٹری قابل ترین افسر ہیں اور تعلیم کے بارے میں اتنا کچھ جانتے ہیں کہ ہمارا اجتماعی نالج بھی اس سے کم ہوگا۔ کاردار کہنے لگے کہ میرے ذہن میں وہ ممبئی والا فین ٹائپ بھٹو تھا۔ بھول گیا کہ اقتدار کی بلندی پر آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے، اس سے سر چکرانے لگتا ہے۔ بھٹو نے کاردار کی بھی وزارت سے چھٹی کرا دی۔‘

منفرد شاعر مصطفیٰ زیدی کی المناک موت کے حوالے سے لکھا گیا مضمون کتاب کا جوہر ہے۔ (فائل فوٹو: سکرول)

یہ واقعہ ایک نئی بہت دلچسپ بائیوگرافی میں گذشتہ روز ہی پڑھا۔ بیوروکریٹ، ادیب اقبال دیوان اس کے مصنف ہیں۔ کتابوں کے حوالے سے بائیوگرافی یا خودنوشت میری پسندیدہ کیٹیگری ہے۔ خود نوشت کسی سیاستدان کی ہو، بیوروکریٹ، کھلاڑی، اداکار یا کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے فرد کی، اس میں کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جس سے اخذ کیا جا سکے، جو کام آئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ اپنی زندگی اور تجربات کا نچوڑ اپنی بائیوگرافی میں بیان کرتے ہیں۔

اقبال دیوان کا تعلق کراچی کی گجراتی، میمن برادری سے ہے، ان کے اجداد جونا گڑھ ریاست میں اہم انتظامی ذمہ داریوں پر فائز رہے، دیوان (وزیر) اسی مناسبت سے ساتھ لگتا ہے۔ اقبال دیوان پہلے مرکزی سول سروس اور پھر سندھ کی صوبائی سروس کا حصہ رہے۔ کراچی کو وہ بہت اچھا جانتے سمجھتے ہیں، برسوں انتظامی عہدوں پر رہے، سب ڈویژنل مجسٹریٹ، پھر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، دیگر انتظامی عہدوں پر کام کیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری اور قائم مقام آئی جی جیل خانہ جات بھی رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اقبال دیوان لکھنے کی طرف آئے اور فکشن میں بہت عمدہ اضافہ کیا، ان کے تین ناول اور تین افسانوی مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔

اقبال دیوان ایک ممتاز بیوروکریٹ، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مینجر اور سابق چیئرمین کرکٹ بورڈ ڈاکٹر ظفر الطاف کے بہت قریب رہے۔ ظفر الطاف سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سلیم الطاف کے بھائی اور ایک نابغہ روزگار شخصیت تھے۔ اس کتاب میں ڈاکٹر ظفر الطاف پر لکھا ہوا مضمون خاصے کی چیز ہے۔ ہماری بیوروکریسی میں جسے کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی بُراکریسی کہا کرتے، اس میں ایسے اجلے، شفاف اور ویژنری کردار بھی گزرے ہیں، یہ پڑھ کر بہت اچھا لگا۔

الطاف حسین کی تیسری گرفتاری اقبال دیوان نے کرائی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

اقبال دیوان نے کراچی کی انتظامیہ میں طویل عرصہ کام کیا اور وہ بہت سے کرداروں سے ذاتی طور پر واقف ہیں۔ عبدالستار ایدھی پر لکھا ہوا ان کا مضمون بہت دلچسپ اور ایدھی صاحب کی شخصیت کے کئی نئے گوشوں کا پتہ دیتا ہے۔ ایم کیو ایم کے بے شمار طاقتور، بڑے اور چند گمنام مگر پُر اسرار کرداروں سے بھی وہ خوب واقف تھے۔ الطاف حسین، عظیم احمد طارق، ڈاکٹر عمران فاروق سے لے کر جاوید لنگڑا اور نجانے کن کن کرداروں کو وہ اندر تک جانتے تھے۔

الطاف حسین کی تیسری گرفتاری اقبال دیوان نے بڑے طریقے سے کرائی، یوں نفسیاتی ڈیلنگ کی کہ الطاف حسین خود گرفتاری دینے آ گئے۔ کراچی کے لسانی فسادات کا آغاز سنہ 1985 میں بشریٰ زیدی ٹریفک حادثے سے ہوا۔ اس واقعے نے کراچی میں پشتون، مہاجر کشیدگی کی ابتدا کی اور لسانی فسادات ہوئے جن میں کئی جانیں گئیں۔ اقبال دیوان تب کراچی ہی میں مجسٹریٹ تھے۔ انہوں نے اس واقعے کی تفصیل اور اِن سائیڈ سٹوری لکھی ہے۔ ایک دلچسپ انکشاف کیا کہ جس بس نے مہاجر بچی بشریٰ زیدی کو کچلا، ا س کا ڈرائیور کوئی پشتون نہیں تھا۔ یہ بات مشہور کر دی گئی، حالانکہ وہ ڈرائیور ایک مقامی بہاری راشد حسین تھا۔ دیوان صاحب نے کراچی کے بہت نیک نام میئر نعمت اللہ خان کا بھی اس واقعے میں قدرے منفی تذکرہ کیا ہے، تاہم ابھی وہ کراچی کے ایک مقامی سیاست دان ہی تھے۔ نعمت اللہ خان کا غیرمتنازع کردار کراچی کی میئر شپ میں سامنے آیا، جس کو اقبال دیوان نے بھی سراہا۔

معین قریشی نگران وزیراعظم کے طور پر سنگارپور سے پاکستان وارد ہوئے۔ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

مشہور کالمسٹ اور پارسی بزنس مین اردشیر کاؤس جی پر لکھا بہت دلچسپ مضمون بھی اسی کتاب میں شامل ہے۔ کاؤس جی منفرد مزاج آدمی تھے، من موجی مگر بڑے سمارٹ، ہوشیار اور بااصول۔ اقبال دیوان نے تذکرہ کیا ہے کہ کیسے کاؤس جی کے گھر فیملی ڈنر میں سونے کی پلیٹ میں کھانا اور بعد میں چاکلیٹ سرو کیے گئے۔ منفرد شاعر مصطفیٰ زیدی کی المناک موت کے حوالے سے لکھا گیا مضمون کتاب کا جوہر ہے۔ یہ بہت تفصیلی اور تحقیقاتی مضمون ہے جس میں اس واقعے کو انویسٹی گیٹ کرنے والے کرداروں سے براہ راست انٹرویوز کر کے نتائج اخذ کئے گئے۔ اس میں بہت سے انکشافات ہیں۔

معین قریشی جب سنہ 1993 میں نگران وزیراعظم کے طور پر سنگارپور سے پاکستان وارد ہوئے، تو انہیں ایئرپورٹ پر ریسیو کرنے کی ذمہ داری اقبال دیوان کی لگائی گئی۔ تب کوئی بھی معین قریشی کی صورت سے واقف نہیں تھا۔ اقبال دیوان نے غیرملکی ایئرلائن کی غیرملکی ایئرہوسٹس سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ ٍفرسٹ کلاس میں ایک ایسا شخص موجود ہے جو یقینی طور پر پاکستان کا وزیراعظم ہو سکتا ہے کیونکہ جہاز کے اڑان بھرنے سے لے کر اب تک وہ ہزارہا بار پوچھ چکا ہے کہ کراچی کب لینڈ کریں گے؟ اقبال دیوان نے معین قریشی کو ریسیو کیا، بہانے سے ان کا پاسپورٹ مانگا تو اس پر نام پڑھ کر تسلی ہوئی۔ معین قریشی نے پہلا سوال ہی یہ کیا کہ (حلف اٹھانے کے لیے) میری شیروانی کا انتظام ہوا ہے؟ معین قریشی کے بھائی ایک سفید اور ایک سیاہ شیروانی لے کر آئے تھے۔ نووارد نگران وزیراعظم تک یہ اطلاع پہنچائی گئی تو معین قریشی نے بے تکلفی سے پوچھ لیا، آپ کے خیال میں کون سے رنگ کی شیروانی پہننی چاہیے؟ حاضر جواب اقبال دیوان نے جواب دیا، اگر عہدے کو ولیمہ سمجھتے ہیں تو وائٹ اور اگر سوئم (فیونرل) سمجھیں تو سیاہ۔ مسرور معین قریشی نے ہنس کر کہا، ہنی مون کے لیے کچھ نہیں۔

اقبال دیوان نے کراچی کی انتظامیہ میں طویل عرصہ کام کیا اور وہ بہت سے کرداروں سے ذاتی طور پر واقف ہیں۔ (فائل فوٹو: ہم سب)

اقبال دیوان نے ایک اور دلچسپ مشاہدہ بھی رقم کیا، جسے قارئین کے ساتھ شیئر کرنا بنتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایئر پورٹ پر ایک صاحب ویلڈنگ والا کالا چشمہ پہنے، شلوار قمیض کے ساتھ واسکٹ پہنے، ہاتھ کی دوسری اور تیسری انگلی کے درمیان بند مٹھی میں سلگتا ہوا سگریٹ تھامے موجود تھے۔ دیکھنے میں وہ کسی فلم کے جاسوس کردار جیسے لگتے۔ جہاز سے اتر کر معین قریشی اپنے بھائی سے ملنے کے بعد تیزی سے اسی جاسوس نما کردار کی طرف بڑھے اور پیار والی جپھی ڈال کر دونوں ایک دوسرے کو یوں اٹھانے لگے جیسے سندھی کشتی ملاکھڑا میں پہلوان ایک دوسرے کو اٹھاتے ہیں۔

موقع پر موجود آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری ہکا بکا یہ دیکھ رہے تھے۔ بعد میں معین قریشی انہی صاحب کو اپنے ساتھ جہاز میں بٹھا کر اسلام آباد لے گئے۔ معین قریشی کی فرمائش پر جہاز میں ایک اور ’مسافر‘ کو بھی سکیورٹی سے بچ بچا کر خاموشی سے سوار کرایا گیا، مگر اس کی تفصیل رہنے دیتے ہیں۔ اقبال دیوان کو بعد میں پتہ چلا کہ وہ مخصوص انداز میں سگریٹ پھونکنے والے صاحب سندھ پولیس کی جانب سے ایف آئی اے میں ڈپوٹیشن پر تعینات ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔ بعد میں نگران وزیراعظم معین قریشی تین بار کراچی تشریف لائے تو ڈائریکٹر پروٹوکول اقبال دیوان نے مشاہدہ کیا کہ کراچی سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں وہی شخص ان کی خواب گاہ میں داخل ہونے والا پہلا اور آخری افسر ہوتا، ہاتھوں میں خاص فائلیں ہوتیں۔ انہی صاحب نے ایک دن اقبال دیوان سے کہا کہ کسٹم یا ایف آئی اے کہاں جانا ہے، درخواست لکھ کر دو، ابھی آرڈر کرا دیتا ہوں۔ پھر فخر سے بتایا ’میں بھی شروع میں ایئرپورٹ تھانے میں ہیڈ کانسٹیبل تھا، آپ بھی ہمت پکڑیں ورنہ پیچھے رہ جائیں گے۔‘ یہ تھا ہمارے امپورٹڈ نگران وزیراعظم کا سنہری دور۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US