خیبر پختونخوا: ترقیاتی منصوبوں کیلیے خصوصی پروگرام، 59 ارب 25 کروڑ خرچ ہوں گے

image

خیبر پختونخوا حکومت نے اضلاع کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کیلیے خصوصی پروگرام شروع کردیا ہے جس کی تخمینہ لاگت 59 ارب 25 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔

منصوبے کو ایکسیلی ریٹڈ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ انیٹی ایٹیو کا نام دیا گیا ہے جس کیلیے رواں مالی سال میں 14 ارب 81 کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق مذکورہ منصوبے تمام اضلاع میں شروع کیے جائیں گے جو مقامی ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے تجویز کیے جائیں گے۔

سب سے زیادہ فنڈز سوات کیلیے 4 ارب 55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، اسی طرح مردان میں 4 ارب 35 کروڑ، پشاور میں 4 ارب 25 کروڑ، ڈی آئی خان میں 4 ارب، اپر دیر میں دو ارب 90 کروڑ، نوشہرہ میں دو ارب 75 کروڑ، صوابی میں دو ارب 75 کروڑ، چارسدہ میں دو ارب 75 کروڑ، ایبٹ آباد میں دو ارب 40 کروڑ، مانسہرہ میں دو ارب 35 کروڑ، بونیر میں ایک ارب 80 کروڑ، کوہاٹ میں ایک ارب 70 کروڑ، لوئر دیر میں ایک ارب 70 کروڑ، ہری پور میں ایک ارب 60 کروڑ، بنوں میں ایک ارب 55 کروڑ، کرک میں ایک ارب 25 کروڑ، لکی مروت میں ایک ارب 25 کروڑ، ملاکنڈ میں ایک ارب 25 کروڑ، بٹگرام میں ایک ارب 25 کروڑ، شانگلہ میں ایک ارب، لوئر کوہستان میں 73 کروڑ 30 لاکھ، لوئر چترال میں 70 کروڑ، اپر چترال میں 60 کروڑ، ٹانک میں 60 کروڑ، اپر کوہستان میں 56 کروڑ 70 لاکھ، تورغر میں 55 کروڑ اور ہنگو میں 55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

قبائلی اضلاع کیلیے باجوڑ میں ایک ارب 75 کروڑ، خیبر میں ایک ارب 60 کروڑ، مہمند میں ایک ارب 15 کروڑ، کرم میں 75 کروڑ، شمالی وزیرستان میں 75 کروڑ، اورکزئی میں 55 کروڑ، جنوبی وزیرستان اپر میں 55 کروڑ اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، مذکورہ فنڈز کے استعمال کیلیے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں سے ترقیاتی منصوبے طلب کرلیے گئے ہیں جو ضلعی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترقی و منصوبہ بندی کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US