بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں افغانستان کے شہر قندوز سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا۔ اتوار کی صبح ہونے والے اس واقعے نے بھارتی حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور افغان ایئرلائن KAM کی پرواز RQ-4401 کے پچھلے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا۔ تقریباً دو گھنٹے کے سفر کے بعد پرواز دہلی پہنچی جہاں لینڈنگ کے فوراً بعد عملے نے لڑکے کو طیارے کے قریب گھومتے دیکھا اور ایئرپورٹ سیکیورٹی کو اطلاع دی۔
لڑکے کو حراست میں لے کر ٹرمینل 3 منتقل کیا گیا، جہاں سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (CISF) نے اس سے پوچھ گچھ کی۔ ابتدائی بیان میں لڑکے نے کہا کہ وہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں محض تجسس کے باعث داخل ہوا اور اسے اپنے اس عمل کے ممکنہ نتائج کا کوئی اندازہ نہیں تھا۔
حکام نے لڑکے کو اسی دن دوپہر 12:30 بجے والی پرواز کے ذریعے واپس افغانستان بھیج دیا۔ افغان ایئرلائن کی سیکیورٹی ٹیم نے طیارے کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ کا مکمل معائنہ کیا، جہاں سے ایک چھوٹا سرخ اسپیکر برآمد ہوا جو غالباً لڑکے کا تھا۔
پوری جانچ کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ طیارہ محفوظ ہے اور کسی قسم کے تخریبی مواد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ اس واقعے نے سیکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور ایئرپورٹ حکام نے مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے مزید سخت اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔