برکت ہوتی تو اپنا گھر بنا چکی ہوتی۔۔ عورت کی کمائی کو بے برکت ماننے والی صائمہ قریشی خود کام کیوں کرتی ہیں؟

image

"عورت کی کمائی میں برکت نہیں، مگر کام کرنے سے نہیں روکتی"

اداکارہ صائمہ قریشی ایک بار پھر اپنی اس رائے پر قائم ہیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، مگر وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ کسی خاتون کو کام یا کاروبار سے روکنا درست نہیں۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صائمہ قریشی نے کھل کر کہا: "میں یہ نہیں کہتی کہ عورت کو کام نہیں کرنا چاہیے۔ میں خود بھی کام کرتی ہوں اور کاروبار بھی چلاتی ہوں، لیکن میرا ماننا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔" انہوں نے وضاحت دی کہ عورت پر بہت سی ذمہ داریاں ایک ساتھ آتی ہیں اور وہ اکثر بچت نہیں کر پاتی۔ اپنی مثال دیتے ہوئے صائمہ نے کہا کہ وہ برسوں سے محنت کر رہی ہیں لیکن اب تک اپنا گھر نہیں بنا سکیں اور کرائے کے مکان میں رہتی ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ ایک سنگل ماں ہیں اور مجبوری میں کام کرتی ہیں، مگر ان کے نزدیک کمانا بنیادی طور پر مرد کی ذمہ داری ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کئی مشہور خواتین جیسے ماہرہ خان نے اپنی محنت سے کامیاب زندگی بنائی، تو صائمہ نے جواب دیا: "ایسی خواتین کو اپنے گھر کی سپورٹ حاصل ہوتی ہے، اور ماہرہ خان نے بھی شادی کی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی مثال ہر عورت کے لیے عام نہیں دی جا سکتی کیونکہ وہ ایک منفرد شخصیت تھیں اور بعد میں شادی بھی کی۔ یاد رہے کہ صائمہ قریشی نے اس سے پہلے بھی فروری 2025 میں یہی مؤقف اختیار کیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید ہوئی، مگر اداکارہ آج بھی اپنے بیان پر ڈٹی ہوئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US