کوئٹہ مستونگ کو ملانے والی لکپاس ٹنل پر ٹریفک جام، عدالت عالیہ بلوچستان کا نوٹس

image

عدالت عالیہ بلوچستان نےکوئٹہ اور مستونگ کو ملانے والی لکپاس ٹنل پر ٹریفک جام اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مستونگ کی جمع کرائی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے لکپاس ٹنل پر قائم ایف سی اور کسٹم چیک پوسٹوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وضاحت دی جائے کہ عوامی مشکلات کے باوجود چیک پوسٹوں کو کسی اور مقام پر کیوں منتقل نہیں کیا گیا؟

عدالت نے کلکٹر کسٹم اور کمانڈنٹ ایف سی نارتھ کے نمائندوں کو بھی طلب کرنے کا عندیہ دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ لکپاس ٹنل پر قائم چیک پوسٹوں کی وجہ سے شہریوں کو گھنٹوں طویل ٹریفک جام اور اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

شہری حلقوں نے عدالت عالیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US