وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس، استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی منظوری

image

اسلام آباد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیویارک سے ورچوئلی کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں و ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد اس کی منظوری دے دی۔ فیصلے کے مطابق 2026ء تک صرف پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت ہوگی، جس کے بعد عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔ تاہم گاڑیوں کی درآمد ماحولیاتی اور حفاظتی معیار پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہوگی۔

کمیٹی نے مزید فیصلہ کیا کہ پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی (RD) بھی عائد کی جائے گی۔ یہ اضافی ڈیوٹی 30 جون 2026ء تک لاگو رہے گی، جس کے بعد اسے ہر سال 10 فیصد کم کیا جائے گا اور مالی سال 2029-30 تک مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

ای سی سی نے ایک اور سمری پر غور کرتے ہوئے پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے لیے 80 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سمیت دیگر وزراء، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران شریک ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US