سمندری طوفان راگاسا چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر یانگ جیانگ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں نے درخت اکھاڑ دیے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
اس سے قبل راگاسا نے تائیوان میں شدید تباہی مچائی جہاں مختلف حادثات میں 17 افراد ہلاک، 50 زخمی اور 17 لاپتا ہوگئے۔ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث پُل اور سڑکیں بہہ گئیں جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ہانگ کانگ میں بھی طوفانی لہروں نے ساحلی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سڑکیں اور مکانات زیرِ آب آگئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خطے میں مزید طاقتور طوفان آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ چین کے سمندری حکام نے بلند ترین سطح کی ریڈ ویو وارننگ جاری کرتے ہوئے پرل ریور ڈیلٹا میں 2.8 میٹر تک سمندری طغیانی کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ راگاسا نے گزشتہ ہفتے مغربی بحرالکاہل میں جنم لیا اور پیر کو کیٹیگری 5 سپر ٹائفون میں تبدیل ہوگیا جس کی ہواؤں کی رفتار 260 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر گئی تھی۔