لگژری لائف اسٹائل اور گوشواروں میں فرق پر کارروائی ہوگی، فیصل واوڈا

image

سینیٹر فیصل واوڈا نے ٹیکس چوری کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑا کریک ڈاؤن شروع ہونے والا ہے لگژری لائف اسٹائل اور گوشواروں کے فرق پر سخت کارروائی ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشواروں کی آخری تاریخ تک اگر پچھلے سال کے مقابلے میں ٹیکس کی شرح میں کم از کم 15 فیصد اضافہ نہ ہوا تو پچھلے سالوں کے تمام گوشوارے کھول دیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 30 فیصد ٹیکس دینے والے بھی ایف بی آر کی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔

سینیٹر فیصل واوڈا کے مطابق سوشل میڈیا پر لگژری لائف اسٹائل اور گوشواروں کے فرق کی لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔ اب ٹیکس دہندگان کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی بصورت دیگر سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو بڑے انعامات دیے جائیں گے جبکہ وسل بلورز کی معلومات کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ایف بی آر اپنے قوانین کے تحت کارروائی کرنے کا مجاز ہے اور ٹیکس نہ دینے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے تنبیہ کی سخت کریک ڈاؤن کی تیاری ہے پھر کہنا مت کہ اطلاع نہیں دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US