امریکی صدر نے غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے فارماسیوٹیکل مصنوعات کی درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھاری ٹرکوں پر 25 فیصد، کچن کیبنٹس اور باتھ روم وینٹیز پر 50 فیصد جبکہ اپہولسٹرڈ فرنیچر پر 30 فیصد ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وضاحت کی کہ امریکا میں فارماسیوٹیکل پلانٹ لگانے والی کمپنیوں کو ٹیرف سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
بھارت جو دنیا کے سب سے بڑے دواساز ممالک میں شمار ہوتا ہے اورامریکا کو سالانہ تقریباً 10 ارب ڈالر مالیت کی ادویات برآمد کرتا ہے جو کہ بھارتی فارماسیوٹیکل برآمدات کا 35 فیصد بنتی ہیں۔ امریکا میں استعمال ہونے والی ایک تہائی سے زائد ادویات بھارت سے آتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد بھارتی صنعت شدید دباؤ میں آ جائے گی۔
امریکی فیصلے کے اثرات عالمی سطح پر بھی دیکھے گئے ہیں۔ یورپی کمپنیوں والو (Volvo) اور ڈائملر (Daimler) سمیت کئی برانڈز کے شیئرز یورپی مارکیٹ میں گر گئے ہیں۔ ٹرمپ نے ٹیکس کے اس نفاذ کے لیے امریکی تجارتی قانون کے سیکشن 232 کا حوالہ دیا جو قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے درآمدات پر پابندیاں لگانے کا اختیار دیتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے اعلان کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں بھی بھونچال دیکھنے میں آیا ہے اور فارماسیوٹیکل انڈیکس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔