غزہ کی حمایت میں دنیا متحد، نیتن یاہو کا خالی نشستوں سے خطاب

image

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خطاب کو عالمی سطح پر شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ نیتن یاہو کے خطاب کے دوران اسمبلی ہال کی نشستیں خالی رہ گئیں جب متعدد ممالک کے وفود نے ان کی تقریر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان، ایران سمیت کئی مسلم اور غیر مسلم ممالک کے نمائندے نیتن یاہو کے ڈائس پر آنے کے ساتھ ہی اجلاس سے باہر نکل گئے۔ جنرل اسمبلی کے منتظم بار بار "آرڈر، آرڈر" پکارتے رہے لیکن ہال دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً خالی ہوگیا اور نیتن یاہو چند افراد کے سامنے تقریر کرتے رہ گئے۔

دوسری جانب نیویارک میں بھی بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے۔ ہاتھوں میں غزہ کے بچوں کی تصاویر، فلسطینی پرچم اور بینرز اُٹھائے مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور غزہ کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ "غزہ کو آزاد کرو" اور "غزہ کے عوام کو زندہ رہنے دو" جیسے نعرے گونجتے رہے۔ مظاہرین نے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے اور نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

اسی دوران نیتن یاہو کے قیام کے ہوٹل کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسرائیلی شہریوں نے یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر نیتن یاہو کو آڑے ہاتھوں لیا جبکہ دیگر ممالک کے شہری فلسطینی پرچم اُٹھائے مظاہرین کے ساتھ شریک ہوگئے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق نیتن یاہو کو خالی ہال میں تقریر کرنا دراصل عالمی سطح پر اسرائیل کی بڑھتی ہوئی تنہائی اور مخالفت کا واضح اشارہ ہے۔ امریکی اور یورپی ذرائع ابلاغ نے بھی اس منظر کو سیاسی ناکامی اور عالمی بائیکاٹ کی علامت قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US