ٹرمپ اور نیتن یاہو کی آج ملاقات، جنگ بندی فریم ورک پر بات چیت متوقع

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ امن منصوبے پر اسرائیلی اور عرب رہنماؤں نے مثبت ردعمل دیا ہے اور یہ معاہدہ ضرور مکمل کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تمام فریق پہلی بار کسی خاص مقصد کے لیے متحد ہوئے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں وسیع امن کے لیے ایک تاریخی موقع پیدا ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ معاہدہ کر کے دکھائیں گے۔

ٹرمپ کی آج وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات طے ہے جس میں غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے فریم ورک کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عرب و مسلم رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران غزہ تنازع کے حل کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا۔ منصوبے میں مستقل جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی، اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد شامل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو شدید دباؤ میں ہیں کیونکہ اسرائیل کو غزہ جنگ کے باعث عالمی سطح پر تنہائی اور اندرونی احتجاج کا سامنا ہے۔ ہزاروں اسرائیلی شہری سڑکوں پر نکل کر جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ یرغمالیوں کے اہلِ خانہ نے بھی براہِ راست ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ نیتن یاہو پر دباؤ ڈالیں تاکہ مکمل اور جامع معاہدہ ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں برطانیہ، فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کیا ہے جس سے اسرائیل پر عالمی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US