پاکستان کے مشہور کامیڈین اور اداکار لکی ڈیئر طویل بیماری کے باعث دنیا چھوڑ گئے۔ اُن کی عمر 60 برس تھی۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے وہ پھیپھڑوں کے عارضے اور شوگر میں مبتلا تھے اور اس دوران لاہور کے میو اسپتال میں زیر علاج رہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق آخری دنوں میں اُن کی حالت تیزی سے بگڑ گئی تھی۔ وہ کومہ میں جا چکے تھے جبکہ جگر، گردے اور معدے نے بھی کام کرنا بند کر دیا تھا۔
مرحوم کے نواسے نے بتایا کہ لکی ڈیئر کی نمازِ جنازہ عصر کے بعد باغبانپورہ میں ادا کی جائے گی۔
لکی ڈیئر کا فنی سفر چار دہائیوں پر محیط تھا۔ انہوں نے تھیٹر، ڈرامہ اور فلم کے اسٹیج پر اپنے انداز سے ناظرین کو خوش کیا اور شائقین آج بھی اُن کی یادگار اداکاری کو نہیں بھولے۔