کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان نے صوبائی کابینہ کے اس فیصلے کو معطل کر دیا ہے جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی منظوری دی گئی تھی۔
چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے افتخار احمد لانگو کی آئینی درخواست پر سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ صوبائی کابینہ کو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کے اختیارات دینے کا کوئی اختیار نہیں، ایگزیکٹو افسران کو عدالتی اختیارات دینا ابتدا ہی سے آئین و قانون کے منافی اور غیر قانونی اقدام ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی افسران کو عدالتی اختیارات دینا آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے جس سے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
عدالت عالیہ نے صوبائی حکومت اور دیگر جواب دہندگان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو بھی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔مزید سماعت تک صوبائی کابینہ کے 24 ستمبر 2025 کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔