کراچی: متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی محمد عامر صدیقی نے سولجر بازار اور جمشید کوارٹرز میں گٹکا ماوا کی کھلے عام فروخت کے خلاف آئی جی سندھ کو دوبارہ خط لکھ دیا۔
کراچی شرقی کے حلقہ پی ایس 102 سے منتخب ایم پی اے محمد عامر صدیقی نے خط میں لکھا کہ تھانہ سولجر بازار جہاں ایس ایچ او زاہد حسین کمبویو اور تھانہ جمشید کوارٹرز جہاں ایس ایچ او انصر بٹ تعینات ہیں، مذکورہ دونوں تھانہ جات کی حدود میں واقع تمام مارکیٹوں بالخصوص پان کی دکانوں پر کھلے عام گٹکا ماوا فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی سپلائی جاری ہے۔
انھوں نے خط میں شکایت کی کہ گٹکا ماوا کی فروخت کے خلاف وہ کئی بار ایس ایس پی کو آگاہ کرچکے ہیں تاہم انھوں نے کوئی ایکشن نہیں لیا جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ نے بھی ان کی کال اٹینڈ کی نہ ہی کوئی جواب دیا۔
رکن سندھ اسمبلی نے خط میں مطالبہ کیا کہ مذکورہ پروڈکشن یونٹس پر فوری چھاپے مارے جائیں، ایس ایچ اوز اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اور ممنوعہ بھارتی مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔